امریکہ ، چرچ میں فائرنگ سے 1 شخص ہلاک ،5 زخمی

امریکہ میں کیلیفورنیا کی اورنج کاؤنٹی کے شہر لاگونا ووڈز میں شیرف ڈپٹیز فائرنگ واقعے کی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔(شِنہوا)

لاس اینجلس(شِنہوا)امریکہ کی مغربی ریاست کیلیفورنیا کے ایک چرچ میں فائرنگ کے باعث 1 شخص ہلاک اور 5 دیگرزخمی ہو گئے ہیں۔

اورنج کاؤنٹی کےمحکمہ شیرف کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز سہ پہر کے وقت جنوبی کیلیفورنا کی اورنج کاؤنٹی کے شہر لاگونا ووڈز میں پیش آیا ۔

محکمہ شیرف نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ( پیر کو رات 2 بجے پاکستانی وقت) ٹویٹ کیا کہ فائرنگ کی اطلاع  موصول ہونے پر ڈپٹیز کو روانہ کیا گیا ہے ۔ بعدازاں مزید بتایا کہ بھیجے جانیوالے اہلکاروں کو دوپہر 1 بجکر 26 منٹ پر جینیوا پریسبٹیرین چرچ کے اندر فائرنگ کی کال موصول ہوئی۔ 4 متاثرین شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک کو معمولی زخم آئے ہیں۔

محکمہ نے بتایا کہ تمام متاثرین بالغ ہیں اور انہیں ہسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ ایک متاثرہ شخص کی جائےوقوعہ پر ہی موت ہو گئی ہے۔

امریکہ میں کیلیفورنیا کی اورنج کاؤنٹی کے شہر لاگونا ووڈز میں واقع جینیوا پریسبٹیرین چرچ کاایک منظر، چرچ میں گزشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔(شِنہوا)

حکام نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے ایک ایشیائی چرچ کے اجتماع پر اس وقت فائرنگ کی جب چرچ کی جانب سے ایک سابق پادری کےاعزاز میں ظہرانہ دیا جا رہا تھا۔ فائرنگ کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

مقامی اخبار دی اورنج کاؤنٹی رجسٹر نے محکمہ شیرف اورنج کاؤنٹی کے عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے وقت چرچ کے اندر درجنوں افراد موجود تھے ۔ چرچ میں آئے چند افراد نے فوری طور پر فائرنگ کرنیوالے شخص کو دبوچ لیا اور اسے حراست میں لینے میں کامیاب ہو گئے ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گولیاں چلانے والا شخص ایشیائی ہے جس کی عمر 60 سال  کے قریب ہے اور وہ اس علاقے کا رہائشی نہیں ہے۔