
سووا(شِنہوا)چین کے 2 فوجی طیارے حال ہی میں آتش فشاں پھٹنے اور سونامی سے بہت زیادہ متاثر ہونیوالے جنوبی بحرالکاہل کے جزیرے ٹونگا کیلئے 30 ٹن سے زائد امدادی سامان پہنچانے کے بعد ہفتے کی صبح فجی سے چین کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔
یہ دونوں فوجی طیارے جمعہ کو ٹونگا کے دارالحکومت نوکوآلوفا میں اترے تھے۔ ٹونگا میں چینی سفارتخانے کے سفارتکاروں اور مقامی چینی کمیونٹی کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ٹونگا کی درخواست پر چینی فوج نے آتش فشاں کی راکھ جیسے منفی حالات کے باوجود جزیرے پر قائم ملک کو امدادی سامان پہنچانے کیلئے فضائیہ کے دو مال بردار طیارے روانہ کیے تھے۔

امدادی سامان میں خوراک، پینے کا پانی، پانی صاف کرنے کے آلات ، خیمے، پری فیب ہاؤسز، ٹریکٹر اور ریڈیو کمیونیکیشن کا سامان شامل ہے۔
چین کے دو فوجی طیارے جمعرات کو چین کے جنوبی شہر گوانگ ژو سے ٹونگا کیلئے روانہ ہوئے اور فجی میں رکے تھے۔