عراق میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، 5 افراد ہلاک

بغداد(شِنہوا)عراق کے وسطی شمالی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران عراقی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے باعث اس میں سوار عملہ کے 5 اراکین ہلاک ہو گئے ہیں۔

عراقی فوج کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے میڈیا دفتر نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق 2 بجکر 45 منٹ قبل از سحر(صبح 4 بجکر 45 منٹ پاکستانی وقت)پر تب پیش آیا جب ہیلی کاپٹر بغداد سے تقریباً 150 کلومیٹر شمال میں واقع قصبے امریلی کے نزدیک ایک جنگی مشن میں شریک تھا۔

بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں کہ آیا یہ واقعہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے یا دشمن کی  فائرنگ کے باعث  پیش آیا ہے۔

گزشتہ کچھ سالوں کے دوران عراقی فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے داعش کے گروہوں کیخلاف لڑائی میں موثر کردار ادا کیا ہے۔ ان ہیلی کاپٹروں نے شمالی اور مغربی عراق میں شدت پسند عسکریت پسندوں کو ان کے مضبوط ٹھکانوں سے بے دخل کرنے کیلئے زمینی فوج کو فضائی مدد فراہم کی ہے۔