منگولیا کے صدارتی انتخابات میں خورلسکھ نے فتح حاصل کر لی

اولان باتور(شِنہوا) منگولیا کے صدارتی انتخابات میں حکمران منگولین پیپلز پارٹی(ایم پی پی ) کے صدارتی امیدوار اوکھنا خورلسکھ نے فتح حاصل کرلی ہے۔

ملک کے جنرل الیکشن کمیشن (جی ای سی) کے سربراہ پوروی ڈیلگرناران نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انتخابات میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 16 ہزار 246 افراد یا تمام اہل ووٹرز کے 59.35 فیصد حصے نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ایم پی پی کے امیدوار خورلسکھ نے 67.76 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

عہدیدار نے یہ باور کرایا کہ بیلٹ گنتی مشینوں سے متعلق کسی بھی تنازع سے بچنے کیلئے انتخابات کے تمام بیلٹ پیپر ہاتھ سے گنے گئے ہیں۔

33 لاکھ نفوس کی آبادی رکھنے والے منگولیا میں 1993 کے بعد سے اب تک 8 مرتبہ صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے پہلے صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح سب سے زیادہ 92.70 فیصد رہی تھی جبکہ رواں سال کے انتخابات میں ڈالے جانیوالے ووٹوں کی شرح کم ترین ہے۔

تاہم ملک کے صدارتی انتخابات کی تاریخ میں خورلسکھ نے سب سے زیادہ شرح سے  ووٹ حاصل کیے ہیں۔