ترک ، افغان اور پاکستانی وزرائے خارجہ کا اجلاس استنبول میں ہو گا

استنبول(شِنہوا) پاکستان ، ترکی اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس استنبول میں منعقد ہو گا۔ جمعہ کے روز  منعقد ہونیوالے اس اجلاس کا انعقاد ترکی کی میزبانی میں کیا جائیگا۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز ایک تحریری بیان میں کہا کہ اجلاس میں افغان امن عمل میں ہونیوالی تازہ ترین پیش رفتوں پر غور کیا جائیگا۔

مزید کہا گیا ہے کہ غیر منظم ہجرت ، رابطوں ، توانائی اور سلامتی میں تعاون کے مواقع بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو اپنے پاکستانی اور افغان ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترکی ، قطر اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طور پر 24 اپریل سے 4 مئی تک استنبول میں افغان حکومت اور طالبان کی شراکت کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس طلب کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

لیکن یہ کانفرنس طالبان کی جانب سے شرکت سے انکار کرنے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی۔