ویتنام کی اعلیٰ مقننہ نے کابینہ ممبران کو فارغ کر دیا

ہنوئی(شِنہوا) ویتنام کی اعلیٰ مقننہ 14ویں قومی اسمبلی( این اے) نے کابینہ کے 13 ممبران کو انکے عہدوں سے فارغ کر دیا ہے۔

ویتنام نیوز ایجنسی نے بدھ کے روز بتایا کہ 14 ویں قومی اسمبلی کے جاری 11 ویں اجلاس کے دوران اعلیٰ مقننہ نے ویتنام کے نائب وزیراعظم ترنہ دنہ دونگ اور 12 دیگر کابینہ ممبران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی قرارداد منظور کر لی ہے، قرارداد کے حق میں 94.58 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

وزیر برائے قومی دفاع نگوشوآن لیچ ، وزیر برائے خارجہ امور فام بنہ منہ اور  3 اپریل کو ویتنامی کمیونسٹ پارٹی کی ہنوئی بلدیہ کمیٹی کے سیکرٹری مقرر ہونیوالے وزیر خزانہ دنہ تیئن دونگ کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

فوری طور پر نافذ العمل ہونیوالی اس قرارداد کی منظوری کے بعد ویتنامی اراکین اسمبلی نے وزیراعظم فام منہ چھنہ کی طرف سے عہدوں کیلئے تجویز کردہ ناموں کی فہرست سنی اور اس پر بحث کی۔ اراکین اسمبلی جمعرات کی صبح کابینہ کے نئے ممبران کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کرینگے۔