یورپی چمپئینز لیگ میں 4 ٹیموں کا اضافہ،مجموعی ٹیمیں36ہو گئیں

میڈرڈ(آئی این پی)یوئیفا کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپی چمپئینز لیگ میں چار ٹیموں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اب لیگ مقابلے 36ٹیموں کے مابین کھیلے جائیں گے۔یوئیفا کے ترجمان نے مزید کہا کہ یورپی چمپئینز لیگ کے موجودہ گروپ مرحلے کی جگہ اب 2024/25کے سیزن سے ایک ہی لیگ منعقد کی جائے گی۔یورپی فٹ بال کے نئے فارمیٹ کے تحت اب پریمئیر مقابلوں میں ہر ٹیم 8 میچز کھیلے گی، جو چار ہوم اور چار اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ایونٹ میں چار ٹیموں کی آمد کے بعد اب لیگ کی سرفہرست آٹھ ٹیمیں ناک آٹ مرحلے کے لئے خود بخود کوالیفائی کر لیں گی۔ جبکہ نویں سے 24 ویں نمبر پر آنے والے ٹیمیں پلے آف میچز میں حصہ لیں گی۔یوئیفا کے صدر الیگزینڈر سیفرین کا کہنا ہے کہ لیگ کا نیا فارمیٹ ایونٹ کے توازن کو درست رکھنے میں کارگر ثابت ہو گا، اور یہ ٹیموں کے مابین مسابقتی توازن کو بہتر بنائے گا۔یوئیفا کے صدر کے مطابق لیگ میں اس تبدیلی سے کھیل میں بہتری کے ساتھ آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا، جس سے نچلی سطح پر پورے براعظم یورپ میں فٹ بال کی ترویج کا کام لیا جائے گا۔یورپی چمپئینز لیگ میں نئی ٹیموں کی آمیزش یوئیفا کے ایگزیکٹو بورڈ اور یوئیفا کے صدر نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے، توقع ہے کہ اس سے خطے میں ہونے باغی سپر لیگز کی حوصلہ شکنی ہو گی۔یورپ کے بارہ بڑے کلبوں نے گزشتہ اپریل میں مجوزہ نئے مقابلے کے لیے سائن اپ کیا تھا لیکن ان کے اپنے کھلاڑیوں اور شائقین کے ساتھ ساتھ حکومتوں اور فٹ بال کی گورننگ باڈیز کے شدید ردعمل کے بعد یہ چند ہی دنوں میں ختم ہو گیا۔نو کلبوں نے اپنے آپ کو اس منصوبے سے دور کر لیا لیکن ریئل میڈرڈ، بارسلونا اور جووینٹس اس تصور کے ساتھ بورڈ پر موجود ہیں۔