نالائق وزیراعظم کو گھر بھیجنا چاروں صوبوں کی جیت ہے، بلاول

تبدیلی کے نام پر عمران خان نے عام آدمی کا جینا محال کردیا، اس نے ہر ادارے پر حملہ کیااور میڈیا کو خاموش کرایا،عمران خان چاہتے تھے، ہر ادارہ ٹائیگر فورس بن جائے، وہ عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے ہماری معیشت کو تباہ کر کے چلا گیا ہے، بزدل پارلیمنٹ میں آکر کھڑا بھی نہیں ہوتا تھا، یہ چاہتا ہے معاشی بحران پیدا کیا جائے،عمران نے پاکستان کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا، چیئرمین پیپلز پارٹی ووزیر خارجہ کا کراچی ایئر پورٹ پر کارکنوں سے خطاب
کراچی(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے جہاں ہاتھ رکھا ،وہاں بحران کھڑا کردیا۔ کراچی ایئر پورٹ پر کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عمران خان نے عام آدمی کا جینا محال کردیا، اس نے ہر ادارے پر حملہ کیااور میڈیا کو خاموش کرایا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان چاہتے تھے، ہر ادارہ ٹائیگر فورس بن کر کام کرے ، اب وہ مجھے کیوں نہیں بچایا تحریک چلارہے ہیں، نالائق وزیراعظم کو گھر بھیجنا چاروں صوبوں کی جیت ہے،یہ بیرونی سازش نہیں، جمہوری عمل تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وائٹ ہاوس نے نہیں،بلاول ہاوس نے عمران خان کے خلاف سازش کی،نالائق کو گھر بھیجنا جیالوں کی ، پارلیمنٹ اور آئین کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تبدیلی اصل تبدیلی ہے، یہ تبدیلی راتوں رات نہیں ہوئی، 3،4 سال جیالوں نے جدوجہد کی۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ غیر جمہوری قدم اٹھایا جائے اور اسے بچایا جائے، وہ عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے ہماری معیشت کو تباہ کر کے چلا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بزدل پارلیمنٹ میں آکر کھڑا بھی نہیں ہوتا تھا، یہ چاہتا ہے معاشی بحران پیدا کیا جائے،عمران نے پاکستان کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا۔ یہ اپنی کرسی بچانے کے ملک کو ہر سطح پر نقصان پہنچانے کے لئے سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہے۔ عمران خان کوبحران خان قرار دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جو معاشی تباہی عمران خان کر کے گیا ہے، اسے ٹھیک کرنے کے لئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ جاتے جاتے بھی اس شخص نے نقصان کیا ہے،خان صاحب نے عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے ہمارے آئین پر حملہ کیا، یہ کس طرح کا وزیراعظم تھا، جس نے اپنے دور میں خزانہ خالی چھوڑا ہے، معاشی بحران چھوڑا ہے تاکہ عوام کو تکلیف ہو۔ان کا کہنا تھاکہ اپنی انا کی خاطر ملک کو تنہا کیا، خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ، اپنے آپ کو وزیراعظم دیکھنے کے لئے معیشت کو نقصان پہنچایا۔