دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، عثمان بزدار

لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قوم کی تائید و حمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلے بھی ناکام بنائے، آئندہ بھی بنائیں گے، قوم اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، بزدل دشمن بہادر قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ عثمان بزدار اور وفاقی وزیر غلام سرور خان نے حالیہ صورتحال پر اپوزیشن کے افسوسناک رویے کی مذمت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، دونوں رہنماں نے حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے، افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے، منفی سیاست کو 22 کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں، پے درپے ناکامیوں کے بعد مخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔