تیس جون سے کورونا کے خلاف خصوصی ضوابط غالبا ختم ہو جائیں گے، جرمن حکومت

برلن (آئی این پی ) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث وفاقی حکومت کی طرف سے نافذ کردہ خصوصی ضوابط کی مدت میں غالبا تیس جون کے بعد تک کے لیے توسیع نہیں کی جائے گی۔ انگیلا میرکل نے برلن میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی انفیکشنز کے پھیلاو کی کم رفتار کے باعث ایمرجنسی ضابطوں کی مدت جون کے آخر میں ختم ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ضرورت پڑی، تو یہی ضابطے کسی بھی وقت دوبارہ نافذ کیے جا سکیں گے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے اگلے الیکشن میں چانسلر کے عہدے کے لیے امیدوار اولاف شولس نے بھی میرکل کی رائے کی تائید کی ہے۔ جرمنی میں کورونا کے خلاف ایمرجنسی بریک کے نام سے یہ ضوابط 23 اپریل سے نافذ ہیں۔