بیرون ملک غیر ملکیوں کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ میں مفت توسیع

اسلام آباد(آئی این پی )خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے بیرون مملکت مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ کے ویزوں میں مفت توسیع شروع کردی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ توسیع خود کار نظام کے تحت اکیس شوال دو جون 2021 تک کسی فیس یا مقابل مالی کے بغیر ہوگی۔فیصلے کے مطابق وزیر خزانہ نے توسیع کے شاہی فرمان پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
سعودی حکومت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کورونا وائرس کے مسائل سے نمنٹے کی سرکاری پالیسی کے تحت کر رہی ہے۔سعودی حکومت اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے درکار احتیاطی تدابیر اختیار اور ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے مالیاتی اور اقتصادی نقصانات کم سے کم ہوں۔محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’اقاموں اور ویزوں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خود کار نظام کے تحت ہوگی اس کے لیے کسی کو دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔