وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

جدہ (آئی این پی)سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم پاکستان کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے سمیت سائنس، ماحول، زراعت اور دیگر شعبہ جات میں مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور سعودی وژن 2030 کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام حل طلب مسائل بشمول جموں و کشمیر کے تنازعے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکیں۔سعودی ولی عہد نے پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان 2003 کے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کا خیر مقدم کیا۔اعلامیے کے مطابق دوران دونوں ممالک کے لیڈرشپ کے درمیان تبادلہ خیال کے دوران توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں نے اسلامی دنیا کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی جانب سے شدت پسندی، تشدد، فرقہ پرستی کو مسترد کرنے اور بین الاقوامی طور پر امن و استحکام کے لیے مربوط اور موثر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔