سربراہ اقوام متحدہ کا مغربی کنارے میں الجزیرہ کی صحافی کے قتل پر اظہار افسوس

مغربی کنارے کے شہر رم اللہ میں لوگوں نے الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کی میت کو اٹھایا ہوا ہے۔(شِنہوا)

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مغربی کنارے میں الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سربراہ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل الجزیرہ ٹی وی کے ایک فلسطینی نژاد امریکی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ کے قتل پر افسردہ ہیں جنہیں بدھ کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے آپریشن کی کوریج کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انتونیو گوتریس نے شیریں ابو عاقلہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اسی واقعے میں زخمی ہونیوالے ان کے ساتھی صحافی علی سامودی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

انتونیو گوتریس نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔