مری برف باری، سیاحوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے پر پاک آرمی کو خراج تحسین

مری ،اسلام آباد (آئی این پی) ملک کے مختلف شہروں سے مری کی سیر کو آنے والے سیاحوں نے شدید برف باری میں ریلیف اینڈ ریسکیوآپریشن کے ذریعے انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے ،شہری اپنے بچوں کے ہمراہ آرمی کے ریلیف کیمپ میں پہنچ کر پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ، سیاحوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے نہ صرف انہیں محفوظ مقامات پر پہنچایا بلکہ طبی امداد سمیت کھانے پینے کی اشیا بھی فراہم کی گئی جو انسانی خدمت کے جذبے کی اعلیٰ مثال ہے،اتوار کو برف باری میں پھنسنے والے سیاحوں نے گھروں کو روانگی کے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ وہ فیملی اور بچوں سمیت مری آئے تھے لیکن شدید برفباری کے باعث پھنس گئے تھے۔سیاحوں کا کہنا تھاکہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ اتنی شدید برفباری ہوگی، وہاں بہت برے حالات تھے ہم 30گھنٹے تک ایک ہی جگہ پر رکے رہے، ہم سب کی شدید سردی کی وجہ سے طبیعت بھی خراب ہو گئی تھی ، پاک آرمی کے نوجوان بروقت ہماری مدد کو پہنچے اور انہوں نے ہمیں ریسکیو کیااور کھانے پینے کی چیزیں فراہم کی اور طبی امداد مہیا کی،سیاحوں نے بتایا کہ اب ہم اور ہمارے بچے کافی بہتر ہیں،الحمداللہ مری کے راستے کھل گئے ہیں اور پاک آرمی نے بہت اچھا کام کیا ہے اورلوگوں کی مدد کی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان جیسی فوج دنیا کے کسی ملک کی نہیں ہے اب روڈ کھل گئے ہیں تو ہم باحفاظت اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں، ہم پاک آرمی کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتے ہیں ،یہ ہمیں ہمارے گھروں تک پہنچا رہے ہیں،سیاح پاک فوج پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔(آچ)