چین کی جانب سے ملک میں جمہوری اقدار سے متعلق وائٹ پیپرکا اجراء

بیجنگ:چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس نے ایک وائٹ پیپر جاری کیا جس کا عنوان ہے "چین کی فعال جمہوریت”۔اسی حوالے سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا۔یہ وائٹ پیپر ایک اہم دستاویز ہے جو چین کی جمہوری اقدار، جمہوری نظام، جمہوری عمل میں شرکت اور جمہوری کامیابیوں کو منظم طریقے سے متعارف کرواتی ہے۔ وائٹ پیپر تقریباً 24,000 الفاظ پر مشتمل ہے۔

وائٹ پیپر میں نشاندہی کی گئی کہ جمہوریت تمام بنی نوع انسان کی مشترکہ قدر اور ایک اہم تصور ہے جس پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ثابت قدمی سے قائم ہے ۔ چین کی جمہوریت عوامی جمہوریت ہے جس میں عوام ملک کے حکمران ہیں اور یہی چینی جمہوریت کا نچوڑ اور مرکز ہے۔ سی پی سی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سے، پارٹی نے چین میں جمہوری سیاست کی ترقی کے حوالے سے اپنی فہم کو گہرا کیا ہے، عوامی جمہوریت کے اہم تصورات کو آگے بڑھاتے ہوئے بھرپور طریقے سے فروغ دیا ہے، اور جمہوری اقدار میں سائنسی اور موثر ادارہ جاتی انتظامات سے مزید جدت لائی ہے۔

وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ کسی ملک کا سیاسی نظام کس قدر جمہوری اور موثر ہے ،اس کی جانچ کے مختلف پیمانے ہیں جن میں اقتدار کی منظم تبدیلی ، عوام کی ریاستی، سماجی ، معاشی اور ثقافتی امور کے انتظام میں شمولیت، معاشرے کے تمام حلقوں کی قومی سیاست میں مؤثر شرکت، قومی فیصلہ سازی کے عمل میں سائنسی اور جمہوری رویے، حکمران جماعت کی آئین اور قوانین کی پاسداری ، اختیارات کا معقول استعمال اور نگرانی وغیرہ شامل ہیں ۔