دنیا اس وقت غیر معمولی وبائی صورتحال سے دوچار ہے، چینی صدر کا خطاب

بیجنگ (آئی این پی)چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ  میں ’’کووڈ-19 کے تناظر میں میڈیا کی ترقیاتی حکمت عملی‘‘ کے موضوع پر مبنی شروع ہونے والی چوتھی عالمی میڈیا سمٹ کے نام ایک تہنیتی پیغام بھیجا ہے-اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک صدی کی بڑی عالمی تبدیلیوں اور غیر معمولی وبائی صوررتحال سے دوچار ہے اور عالمی منظر نامہ گہرے اور پیچیدہ ارتقاء سے گزر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ہمارے دور کے اہم سوالات کے درست جوابات کی تلاش اور دنیا بھر میں وسیع اتفاق رائے کی تشکیل میں اہم سماجی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سمٹ کے شرکاء گہرائی سے تبادلہ خیال کریں گے اور عوام کے درمیان دوستی کے فروغ اور ثقافتی اور افرادی تبادلے کو آسان بنانے میں مدد فراہم کریں گے ، شرکاء انسانیت کی مشترکہ اقدار اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ عالمی میڈیا سمٹ کا آغاز نو بااثر میڈیا اداروں کی جانب سے مل کر کیا گیا تھا جن میں شِنہوا  نیوز ایجنسی ، ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز، تاس روسی نیوز ایجنسی، کیوڈو نیوز، اور بی بی سی شامل ہیں۔ شِنہوا کے زیر اہتمام، پہلی سمٹ کا انعقاد 2009 میں بیجنگ  میں ہوا تھا ، دوسری سمٹ 2012 میں ماسکو جبکہ تیسری سمٹ 2016 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوئی تھی۔