فلسطین کی مشرقی بیت المقدس میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت

رم اللہ(شِنہوا)فلسطین نے مشرقی بیت المقدس کے محلے شیخ جراح میں فلسطینی شہریوں کیخلاف اسرائیل کے جارحانہ طرزعمل اور اقدامات کی مذمت کی ہے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے محلے میں ایک فلسطینی شہری کے گھر پر دھاوا بولنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس گھر میں گھسنا بین الاقوامی اتفاق رائے کیلئے اسرائیل کا ایک پیغام اور ردعمل ہے جس کے تحت شیخ جراح میں گھروں کی مسماری کی مخالفت کی گئی تھی۔

وزارت نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے فوری طور پر بین الاقوامی اور امریکی مداخلت کا مطالبہ کیا۔

شیخ جراح میں فلسطینی عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ جمعہ کی شب اسرائیلی فوجیوں اور دائیں بازو کے کارکنوں کی جانب سےفلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بولنے کے بعد محلے میں کشیدگی عروج پر تھی اور فلسطینی رہائشیوں اور اسرائیلی پولیس کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔

فلسطینی مسجد اقصیٰ سمیت مشرقی بیت المقدس کو اپنی مستقبل کی ریاست کا دارالحکومت قرار دینا چاہتے ہیں جبکہ اسرائیل متحدہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دینے پر بضد ہے۔