متحدہ عرب امارات نے تل ابیب میں سفارتخانے کا افتتاح کر دیا

بیت المقدس(شِنہوا)متحدہ عرب امارات نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے ایک سال سے بھی کم عرصہ بعد اسرائیل کے مالی دارالحکومت تل ابیب میں اپنا سفارتخانہ کھولا ہے۔

یہ سفارتخانہ تل ابیب شہر میں اسرائیلی سٹاک ایکسچینج کی نئی عمارت میں بنایا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر اسرائیل کے نئے صدر اسحاق ہرتزوگ نے اسے مشرق وسطی میں امن، خوشحالی اور سلامتی کے مستقبل کی طرف اپنا مشترکہ سفر قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی تعریف کی۔

ہرتزوگ نے کہا کہ ان کے ملک کی خواہش ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اس تاریخی معاہدے کے دائرہ کار کو اسرائیل کے ساتھ امن کے خواہاں دیگر ممالک تک توسیع دی جائے۔

اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد الخاجہ نے  کہا کہ سفارتخانے کا افتتاح دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔