افغانستان، مشرقی صوبہ غزنی میں کار بم دھماکہ،7افراد ہلاک،16زخمی

غزنی، افغانستان(شِنہوا) افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے کہاہے کہ مشرقی افغانستان کے صوبہ غزنی میں ہفتہ کے روز پولیس مرکزپرکار بم دھماکے میں 7افراد ہلاک جبکہ 16کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

آریان نے اتوار کے روز کہاکہ صوبہ غزنی کے صدرمقام غزنی شہر میں کوٹل راوا کے علاقے میں مسلح باغیوں نے مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی رات 7 بج کر 45 منٹ پربارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے شہری امن وامان کی پولیس کے ایک یونٹ کے قریب دھماکہ کردیاجس میں 7افراد ہلاک جبکہ 16زخمی ہوگئے۔

عہدیدار نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان واحد اللہ جمعہ زادا نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے شِنہوا کو بتایا کہ حملہ آوروں نے کار بم دھماکہ کرنے کے بعد مرکزکے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیاگیا۔

پولیس مرکز پر یہ حملہ سرکاری جیلوں میں قید400متنازعہ طالبان قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کیلئے لویہ جرگہ یا گرینڈاسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران ہوا۔

حکومت پہلے ہی 5ہزار100طالبان قیدیوں کو رہا کرچکی ہے تاہم طالبان کا مطالبہ ہے کہ افغان انتظامیہ سے مذاکرات کرنے کیلئے ٹرک بم دھماکوں، شہریوں کے اغواء اور قتل کرنے جیسے بڑے حملوں میں ملوث400قیدیوں کو بھی رہا کیاجائے۔