نائیجیریا، فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس کی کارروائی سے 8مسلح افرادہلاک

 لاگوس (شِنہوا)  نائیجیریا  کی شمال مغربی ریاست کاتسینہ میں پولیس کی ایک کاروائی میں کم ازکم 8 مسلح  افراد ہلاک ہو گئے ہیں ، یہ بات  پولیس کے ترجمان نے اتوار کے روز بتائی  ہے ۔

ریاستی پولیس ترجمان گامبو عیسیٰ نے لاگوس میں شِنہوا کو دئے گئے ایک بیان میں  کہا ہے کہ 40 نامعلوم مسلح افراد کے ایک گروہ نے ریاست کے ایک گاؤں پر جمعرات کو حملہ کردیا ۔

حملے کے ردعمل میں گاؤں جانے والی پولیس ٹیم پرراستے میں مسلح افراد نے گھات لگا کرحملہ کردیا ۔ ان میں سے ایک حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ  دیگر شدید زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔

عیسیٰ کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ  پولیس کی سرچ ٹیم اور متاثرہ برادری کے ارکان کو جمعہ کے روز ملحقہ گاؤں سے 7 مسلح  افراد  کی لاشیں ملی ہیں جن پر گولیاں لگنے سے زخموں کے نشان تھے ۔

 انہوں نے واضح کیا  جمعرات کو ہونے والے حملے میں 2 دیہاتی بھی مارے گئے جبکہ مسلح افراد گاؤں سے 30 گائیں بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے مسلح افراد کی لاشوں سے کچھ نقدی اور ہتھیاروں کے خول بھی برآمد کئے ہیں ۔

شمالی نائیجیریا میں حالیہ مہینوں کے دوران مسلح حملوں کا ایک سلسلہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث فوجیوں اور عام شہریوں کو جانی نقصان  اٹھانا پڑا جبکہ سیکورٹی فورسز نے  ملک کے اس حصے میں مسلح گروہوں کی بیخ کنی کے لئے  متعدد کارروائیاں کی ہیں ۔