
سنگا پور (شِنہوا) سنگاپور کے عام انتخابات میں حکمران جماعت پیپلز ایکشن پارٹی (پی اے پی) نے 93 پارلیمانی نشستوں میں سے 83 پر کامیابی حاصل کرلی، یہ بات ریٹرننگ آفیسر تان مینگ دوئی نے ہفتے کے روز بتائی۔
پی اے پی نے انتخابات میں 2015 کے گزشتہ انتخابات میں69.86 فیصد کے مقابلے میں اس الیکشن میں61.24 فیصد ووٹ حاصل کئے۔
2015 کے انتخابات میں چھ نشستیں حاصل کرنے والی ورکرز پارٹی (ڈبلیو پی) نے اس سال 10 نشستیں حاصل کیں۔

14 یک رکنی حلقہ انتخاب (ایس ایم سیز) اور 17 گروپ نمائندگی حلقہ انتخاب (جی آر سیز) میں ہونے والے انتخابات میں 93 نشستوں کے لئے 11سیاسی جماعتوں اور ایک آزاد امیدوار سمیت کل191 امیدوار مدمقابل تھے۔
پی اے پی نے 13 ایس ایم سیز اور 15 جی آر سیز سے 83 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ڈبلیو پی نے ہوگانگ ایس ایم سی ، ال جنید جی آر سی اور شینگ کانگ جی آر سی سے 10 نشستیں برقرار رکھی۔
وزیر اعظم لی سیان لونگ اور ان کی ٹیم نے انگ مو کیو جی آر سی سے 71.91 فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

لی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پی اے پی کو انتخابات میں حاصل ہونے والے مقبول ووٹوں کی شرح ان کی امیدوں سے کم رہی ہے اس کے باوجود پی اے پی کے لئے وسیع البنیاد حمایت سامنے آئی ہے۔ وزیر اعظم جو پی اے پی کے سکریٹری جنرل بھی ہیں نے کہا کہ سنگاپور کے رہائشیوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرکے بھاری ذمہ داری سے عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس مینڈیٹ کو کوویڈ- 19 اور معاشی بدحالی سے نمٹنے کے لئے ، اور بحرانی صورت حال سے بحفاظت نکلنے کے لئے استعمال کریں گے۔
