چینی وزیراعظم کا کاروبار کو سہولت دینے اور مارکیٹ کی فعالیت پر زور

چینی وزیر اعظم لی کھ چھیانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں، مشرقی چین کے صوبے شان ڈونگ کے شہر چھنگ داؤ میں یکم جون2020 کو ایک ویڈیو کانفرنس کی صدارت کر رہے ہیں۔ لی نے پیر کو ہونے والی اس ویڈیو کانفرنس میں شہر اور کاونٹی حکومتوں کو کاروباروں اور عوام کو براہ راست نئے مالی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سخت تنظیمی طریقہ کار کے قیام کی کوششوں پر زور دیا۔(شِنہوا)

چھنگ داؤ(شِنہوا)  چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ نے پیر سے منگل تک مشرقی چین کے صوبہ شان دونگ کے اپنے معائنہ جاتی دورے کے دوران کاروبار کے لئے امداد اور آسانی فراہم کرنے اور مارکیٹ کی فعالیت کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

لی  جنھوں نے چھوٹے اور مائیکرو درجے کے کاروباری اداروں کی بہت دیکھ بھال کی ہے  نے  متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ متعلقہ امور کو مناسب طورسے حل کریں تاکہ کمپنیوں کوحقوق  دانشورانہ املاک کے استعمال سے قرضوں کے حصول اور مالی لاگت کو کم کرنے کیلئے مدد مل سکے۔

وزیر اعظم نے چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کی مالی مشکلات کو حل کرنے میں مدد کے  لئے قرضوں  کی حد کو بڑھانے کے مزید طریقوں پر زور دیا۔

انہوں نے بینکوں کو سود میں مناسب مراعات دینے کی بھی ترغیب دی تاکہ کاروبار خود کو برقرار رکھ سکیں اور مستقبل کے لئے کامیابی کو یقینی بناسکیں جو  بینکوں کی ترقی کیلئے بھی فائدہ مند ہوگا۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کالج گریجویٹس کی تعداد رواں سال پہلے کی نسبت  انتہائی زیادہ ہوگی وزیراعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کمپنیاں کالج سے فارغ التحصیل زیادہ  سے زیادہ  افراد کو بھرتی کرسکتی ہیں اور یہ کہ مرکزی حکومت بھی اس حوالے سے مدد فراہم کرے گی۔

یان تائی شہر کے پرانے رہائشی علاقے   کے دورے  کے موقع پر لی نے کہا کہ اس طرح کے علاقوں کی تزئین و آرائش سے لوگوں کے رہائشی حالات میں بہتری آسکتی ہے جس سے گھروں  کی سجاوٹ اور گھریلو سامان کے استعمال میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

 انہوں نے سماجی سرمائے کو اس طرح کے منصوبوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی اور تزئین و آرائش کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔