جنوب مغربی چین کے صوبے میں موٹرسائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم

گوئی یانگ(شِنہوا)جنوب مغربی چین کے صوبہ گوئی ژو میں موٹرسائیکل سواروں میں 50 ہزار ہیلمٹ مفت تقسیم کیے جا رہے ہیں، یہ بات صوبائی محکمہ عوامی تحفظ نے جمعہ کے روز بتائی۔

توقع ہے کہ ایک ماہ کے دوران دارالحکومتی شہر گوئی یانگ میں موٹرسائیکل سواروں کو مجموعی طور پر 30 ہزار ہیلمٹ دیئے جائینگے جبکہ باقی صوبے کے دیگر حصوں میں تقسیم کیے جائینگے۔

عوامی فلاح وبہبود کی اس سرگرمی کا اہتمام 50سے زائد کاروباری اداروں نے کیا ہے جس میں معیاری حفاظتی ہیلمٹوں کی خریداری کےلئے 20 لاکھ سے زیادہ یوآن(تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار 627 امریکی ڈالر) جمع کیے گئے ہیں۔

سواروں کی سیکورٹی پر آگاہی بڑھانے کےلئے گوئی ژو میں عوامی تحفظ کے محکمے ہر سطح پر موٹرسائیکل فروخت کرنیوالوں کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ صارفین کو کم از کم ایک ہیلمٹ مفت فراہم کریں اور انہیں پہننے کا صحیح طریقہ سکھائیں۔

وزارت عوامی تحفظ کے مطابق یکم جون سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل کی سواری اور کار چلانے یا اس میں سفر کرنے کے دوران سیٹ بیلٹ نہ پہننا قابل سزا ہو گا۔ الیکٹرک موٹرسائیکل سواروں کو بھی ہیلمٹ پہننے کےلئے کہا جائیگا۔