فلپائن میں ٹائیفون سے 9 افراد ہلاک، سینکڑوں افراد متاثر

منیلا(شِنہوا) ٹائیفون فین فون مرکزی فلپائن سے ٹکرا گیا ہے جس سے ہونے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

فلپائن کے محکمہ داخلہ اور مقامی حکومت کے مطابق ٹائیفون سے 6 افراد صوبہ الائیلو میں ہلاک ہوئے، 2  افراد صوبہ کاپیز، جبکہ ایک صوبہ لیٹے میں ہلاک ہوا۔

فلپائن کی قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این ڈی آرآر ایم سی )ٹائیفون سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کا تعین نہیں کر سکی، تاہم کونسل کے مطابق ٹائیفون نے مرکزی فلپائن اور شمالی منڈاناؤ  علاقے کے 38 گاؤں میں 2400 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی آرآر ایم سی کے مطابق ٹائیفون کی وجہ سے 100 سے زائد اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

اس کے علاوہ سمندری سفر کرنے والے 16ہزار افراد،  تقریباً 14سو  رولنگ کارگو اور 41 کشتیاں بھی ٹائیفون کے باعث پھنس کر رہ گئے ہیں۔ ٹائیفون فین فون منگل کے روز مشرقی صوبہ سامار سے ٹکرایا تھا، تاہم اس سے قبل ہی مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو مخدوش علاقوں سے نکال کر سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا تھا۔

مرکزی فلپائن اور لوزون جزیرے کے جنوبی کونے سے گزرنے والا ٹائیفون اپنے پیچھے تباہی کے آثار چھوڑتا ہوا گیا ہے، جبکہ کئی متاثرہ علاقوں سے شدید سیلاب کی بھی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

فین فون رواں برس فلپائن سے ٹکرانے والا 21واں ٹائیفون تھا۔  فلپائن کے ماحولیاتی، جیوفزیکل اور فلکیاتی خدمات کے ادارے کے مطابق جمعرات کی صبح ٹائیفون  فین فون جنوبی چینی سمندر سے ویتنام کی جانب بڑھ رہا ہے۔