روس کا جدید ترین ایس یو-57 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ جان بچانے میں کامیاب

27 اگست 2019 کو لی گئی ایک تصویر میں ایس یو -57 لڑاکا طیارے  روس کے  زوکوسکی میں منعقدہ انٹرنیشنل ایوی ایشن اینڈ سپیس سیلون میں شریک ہیں.(شِنہوا)

ماسکو(شِنہوا) روس کا جدید ترین لڑاکا طیارہ ایس یو- 57 تربیت کے دوران گر کرتباہ ہوگیا تاہم پائلٹ حادثے میں محفوظ رہا ۔روسی وزارت دفاع کی زویدا براڈکاسٹنگ سروس نے طیارہ ساز ادارے یونائیٹڈ ائر کرافٹ کارپوریشن کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ایجیکشن سسٹم نے معمول کے مطابق کام کیا جس سے پائلٹ جان بچانے میں کامیاب رہا۔

ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں کسی قسم کا جانی ومالی نقصان نہیں ہوا اور ایک کمیشن طیارہ کے گرنے کی تحقیقات کررہاہے۔

زویدا کی رپورٹ کے مطابق اس طیارہ کو تاحال روسی ایروسپیس فورس کو منتقل نہیں کیاگیا تھا۔

عام طور پر ٹی 50 کے نام سے معروف دو انجن اور ایک نشست والا ففتھ جنریشن سٹیلتھ ایس یو- 57طیارہ اعلی حرکت پزیری اور آواز کی رفتار سے تیز پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔روس نے رواں سال کے شروع میں ایس یو-57کی وسیع پیمانے پر پیداوار شروع کی تھی۔