ایشیا ہاکی کپ،پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیکرپانچویں پوزیشن حاصل کرلی

جکارتہ(آئی این پی) ایشیاء ہاکی کپ کے پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو صفر کے مقابلے میں 8 گول سے ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ کی پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو صفر کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں رضوان علی نے، 16ویں اور 32ویں منٹ میں مبشر علی نے گول سکور کئے۔ تینوں گول شارٹ کارنر کے ذریعے کئے گئے۔پاکستان کی جانب سے چوتھا فیلڈ گول افراز نے، پانچواں فیلڈ گول 39ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے،چھٹا فیلڈ گول 48ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے،ساتواں فیلڈ گول 53ویں منٹ میں اعجاز احمد نے، کھیل کے آخری منٹ میں آٹھواں فیلڈ گول غضنفر علی نے سکور کیا۔ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی تاہم جاپان سے ہار نے قومی ٹیم کے ورلڈکپ میں رسائی کے خواب کو چکنا چور کردیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں بھارت سے میچ ڈرا، انڈونیشیا کو صفرکے مقابلے میں 13 گولز، 5 گولز کی شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ جاپان نے 2-3سے ہرایا تھا۔ ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر اولمپیئن خواجہ جنید،ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین،کوچ وسیم احمد، فزیکل انسٹرکٹر ڈینیئل بیری، فزیو تھراپسٹ عدیل اختر اور ویڈیو انالسٹ ندیم لودھی شامل ہیں۔