انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان،اینڈرسن اوربراڈ کی واپسی

لندن (آئی این پی) انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2جون سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیاجس میں لیجنڈری فاسٹ بولرز کی جوڑی کی واپسی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی لیجنڈری فاسٹ بولر جوڑی جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ ایشیز سیریز کے بعد اب لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔انگلینڈ کی ٹیم میں ڈرہم کائونٹی کے تیز گیند باز میتھیو پوٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 704ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔خیال رہے کہ اینڈرسن اور براڈ نے مشترکہ طور پر 1177 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں تاہم ایشیز سیریز میں انگلینڈ کی 0-4 سے شکست کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں گیا تھا۔نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز انگلینڈ کے لیے ایک نئے دور کے آغاز کا اشارہ دیتی ہے ۔نئے کپتان بین اسٹوکس اور نئے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے ایک ایسی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی ہے جس نے گزشتہ 9 ٹیسٹ میچز میں سے ایک بھی ٹیسٹ نہیں جیتا ہے۔انگلینڈ کی ٹیم میں زیک کرولی، ایلکس لیس، اولی پوپ، جو روٹ، جونی بیئر اسٹو، بین اسٹوکس (کپتان)، بین فوکس(وکٹ کیپر)، میتھیو پوٹس، جیک لیچ ، اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔