انڈو پاک جوڑی ٹینس کورٹ میں ایک بار پھر ایکشن میں ہوگی

لاہور(آئی این پی)ٹینس کورٹ میں انڈو پاک ایکسپریس کے نام سے مشہور پاکستا ن کے اعصام الحق اور انڈیا کے روہن بوپانا کی جوڑی ایک بار پھر ایکشن میں ہوگی۔اعصام الحق اور روہن بوپانا کی جوڑی نے ستمبر 2014کے بعد اس سال مارچ میں میکسیکو میں ایک ٹورنامنٹ کھیلا تھا جس کے بعد دونوں 6ماہ بعد اب ایک بار پھر ایک ساتھ ٹینس کورٹ میں اتریں گے۔اس حوالے سے اعصام الحق کا کہناتھا کہ اس سال کے آغاز میں 7سال بعد ایک ٹورنامنٹ روہن کے ساتھ کھیلا تھا مگر اس بار زیادہ ٹورنامنٹس کیلئے شراکت داری بنائی جارہی ہے جس کا پہلا میچ صوفیا اوپن میں منگل کو ہوگا۔ اعصام الحق نے مزید کہا کہ3،4ٹورنامنٹس ساتھ کھیلنے کے بعد مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ دونوں کی جوڑی کو 2010کے یو ایس اوپن کا فائنل کھیلنے کے بعد کافی پذیرائی ملی تھی جب کہ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ ڈبلز میں5ٹائٹلز جیتے ہیں اور ایک موقع پر دونو ں کا شمار ٹینس ڈبلز میں ٹاپ10جوڑیوں میں ہوتا تھا۔ اعصام الحق پر امید ہیں کہ ری یونین کے بعد ان کی اور روہن کی جوڑی ایک بار پھر کامیابیاں سمیٹے گی۔