پاکستان فٹبال تنازع،فیفا کی طرف سے جلد اہم پیش رفت کا امکان

لاہور(آئی این پی) پاکستان فٹبال تنازع حل کرنے کیلئے چند روز میں فیفا کی طرف سے اہم پیش رفت کا امکان ہے جب کہ معطلی سمیت تمام آپشنز موجود ہیں۔فٹبال کے حلقوں کا موقف ہے کہ پاکستان کو فوری طور معطل کرکے کھیل اور کھلاڑیوں کا نقصان ہرگز نہیں کرنا چاہیے، نارملائزیشن کمیٹی کو نکال باہر کرکے فیفا ہاوس لاہور کا کنٹرول سنبھالنے والے گروپ کے سرکردہ حکام کو ناپسندیدہ قرار دیا جا سکتا ہے،ان کی فٹبال کی کسی بھی سرگرمی میں شرکت پرپابندی خارج از امکان نہیں۔مذکورہ تجویز میں نارملائزیشن کمیٹی کو بدستور کام جاری رکھ کر پہلے سے طے شدہ پلان کے مطابق فٹبال کے انتخابات کروانا ہوں گے۔دوسری جانب فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک اور فٹبال ہاوس کا کنٹرول سنبھالنے والے اشفاق گروپ نے اپنا موقف فیفا کو بھیجوادیا ہے۔اشفاق گروپ کا مطالبہ ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی سے 19ماہ میں بھجوائے گئے فنڈز کی آڈٹ رپورٹ لی جائے۔ فیفا حکام پاکستان میں فٹبال کے تمام معاملات کا جائزہ لے کر مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔