کاونٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف،13کھلاڑی اور4کوچنگ اسٹاف میں علامات ظاہر

لندن(آئی این پی) لاک ڈائون سے قبل ہی کائونٹی کرکٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ 17 کھلاڑی و اسٹاف ممبرز میں وبا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔18انگلش فرسٹ کلاس کاونٹی کلبز یکم اگست سے کھیل کی سرگرمیاں پھر سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں،بورڈ کی جانب سے جمع کیے جانے والے ڈیٹا سے انکشاف ہواکہ 23 مارچ کو لاک ڈاون سے قبل ہی مختلف کاونٹیز کے 13 پلیئرز اور 4 کوچنگ اسٹاف ممبرز میں وائرس کی علامات ظاہر ہوچکی تھیں،وہ کرکٹ کمیونٹی سے باہر اس وائرس کا شکار ہوئے تھے، پری سیزن ٹریننگ میں ان سے وائرس کی منتقلی کے شواہد بھی نہیں ملے۔دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کیلیے سخت ترین پروٹوکول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، بدھ سے مڈل سیکس، سمرسٹ اور ناٹنگھم شائر کی ٹیمیں بھی ٹریننگ کا آغاز کرچکی ہیں، اس حوالے سے وہ انٹرنیشنل سیریز کے پریکٹس پروٹوکول کی پیروی کررہی ہیں،البتہ ان کا باقاعدگی سے ٹیسٹ نہیں لیا جا رہا بلکہ ٹارگٹ ٹیسٹنگ ہوگی، صرف ان پلیئرزکو جانچا جائے گا جن کے علاقوں میں وائرس موجود،کسی اہل خانہ میں علامات ہوں گی یا پھر خود پلیئر یا اسٹاف کی طبعیت ناساز دکھائی دے گی۔آن دی اسپاٹ ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہوگی مگر تمام کائونٹیز پر واضح کردیا گیاکہ اس پر اضافی ایک ملین پائونڈ خرچ ہوں گے، ہر کائونٹی کا اپنا کوویڈ19 آفیسر وائرس کوڈ پر عملدر آمد کرائے گا، اسی طرح 24 گھنٹے میڈیکل ماہرین آن کال دستیاب ہوں گے، مہمان ٹیم کو میزبان وینیو کی کوویڈ پالیسی کے حوالے سے میچ سے 4 روز قبل ہی مطلع کیا جائے گا۔