ٹوکیو،کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس مقابلے منسوخ ہونے کا امکان

ٹوکیو(آئی این پی)جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 24جولائی 2020سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ ہونے کا امکان ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)کے سینئر ممبر نے بیان جاری کیا ہے کہ اگر ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں کورونا وائرس کے خطرات کا زیادہ شبہ ہوگا تو مقابلے ملتوی کرنے یا جگہ تبدیل کرنے کی بجائے منسوخ کر دیے جائیں گے۔کمیٹی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے اولمپکس مقابلے منسوخ کرنے کے معاملے پر غور کرنا شروع کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل موبائل انڈسٹری کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ موبائل ورلڈ کانگریس(ایم ڈبلیو سی)2020کورونا وائرس کے خوف سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔موبائل ورلڈ کانگریس 2020 کا انعقاد 24تا 27فروری اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونا تھا جس میں دنیا بھر سے اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شرکت کرنا تھی لیکن یہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔