سجل علی کا ڈائٹنگ سے متعلق پیغام

کراچی (آئی این پی) خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ سجل علی نے صحت مند غذا اور ڈائٹنگ سے متعلق پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈائٹنگ کا مطلب صرف وزن کم کرنا نہیں ہوتا۔ اداکارہ سجل علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر صحت مند غذا کے چناو اور ڈائٹنگ سے متعلق پیغام لکھا اور ساتھ ہی اپنی دو دلکش تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے کھانے کے لئے فرائز اور جوس کا انتخاب کیا ہوا ہے۔ سجل علی نے لکھا کہ جب بھی آپ ڈائٹنگ کا سوچتے ہیں تو سلاد، انڈے اور ابلا ہوا چکن کا گوشت ذہن میں آتا ہے۔ ڈائٹنگ صرف وزن کم کرنے کا نام نہیں ہوتا بلکہ یہ آپ کے لائف اسٹائل کی تبدیلی ہوتا ہے۔ سجل علی کی تصاویر اور پیغام کو لاکھوں لوگوں نے پسند کیا اور ہزاروں لوگوں نے ان کی پوسٹ پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔