شاہ رخ کو دیوانہ کا27سال پرانا بائیک سین ایک بار پھر یاد آگیا

ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بھارتی فلم انڈسٹری میں 27 سال مکمل ہونے پر انہیں اپنی پہلی فلم دیوانہ کا شاندار بائیک سین ایک مرتبہ پھر یاد آگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 25 جون کو شاہ رخ خان کے بالی ووڈ میں 27 سال مکمل ہوگئے، اس موقع پر انہیں دنیا بھر سے بے شمار مبارک باد اور نیک تمنائوں کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کنگ خان نے ایک نیا اور دلچسپ انداز اپنایا ہے جو کہ بے حد پسند کیا جارہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہ رخ خان نے اپنے اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی پہلی فلم دیوانہ کے ایک گانے کوئی نہ کوئی چاہیے پیار کرنے والا پر اسی انداز میں بائیک چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں جیسے فلم دیوانہ میں انہوں نے بائیک سین کیا تھا۔ شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں 27 سال مکمل ہونے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ویڈیو میں کہا کہ میں بھارتی فلم سنیما میں اپنے 27 سال مکمل ہونے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو کہ میری زندگی کا نصف حصہ ہے