یاسین ملک کے حوالہ سے غیر جانبدار کمیشن بنایا جانا چاہیے :سردار تنویر الیاس

اسلام آباد (آئی این پی )وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارتی عدالت نے بھارتی نام نہاد جمہوریت اور جعلی سیکولرازم کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔ عدالت کی طرف سے یٰسین ملک کو مجرم قرار دینا انصاف کا قتل عام ہے ،یک طرفہ جعلی ٹرائل کو مسترد کرتے ہیں ، آج ریاست کے دونوں اطراف کشمیریوں نے یاسین ملک پر ہندوستان کی حکومت کی جانب سے جعلی مقدمات اور من چاہے ٹرائل اور متوقع سزا کے خلاف آزادجموں کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یاسین ملک کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے تھا، دنیا میں انصاف کے تقاضے ہیں، ہندوستان کی عدالتیں فراڈ ہیں، یاسین ملک کو سزا دیکر تحریک حریت کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، یاسین ملک کے حوالہ سے غیر جانبدار کمیشن بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ بھارتی عدالتی نظام مودی کے ہاتھوں یرغمال ہے 25 مئی کو بھارتی عدالت سے ہمیں انصاف کی توقع نہیں۔

انہوں نے کہاکہ یٰسین ملک کیس میں تمام حقائق کو نظر انداز کر کے انتقام لیا جا رہا ہے ۔حکومت آزادکشمیر بھارتی عدالتی فیصلہ کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔