پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے، شہباز شریف

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے،بدترین مہنگائی میں کمی بے فائدہ اور نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں، صرف ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ جمعہ کو شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے دور میں 52 روپے فی کلو ملنے والی چینی کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 75 روپے سے اوپر پہنچا دیا، انڈے، گوشت، مرغی، دال اور گھی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مصالحہ جات سے لے کر عوام کی خوراک کی تمام بنیادی اشیا مہنگا کر کے وسائل جمع کرنا ظلم، ظلم اور بدترین ظلم ہے، معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ حکومت کے مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا ہے، پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔