اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی، شیخ رشید

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی۔اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ19اور 20 صفر کو شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبوں کی مدد کیلئے پاک فوج اور رینجرز تعینات ہو گی، اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے شوقین ہیں، وزیر اعظم نے ورلڈ کپ پاکستان کو دیا، میں اس وقت وزیر کھیل تھا، اپوزیشن نیوزی لینڈ کی ٹیم واپسی کا الزام ہم پر لگا رہی ہے، شیشہ کے گھر میں بیٹھ کر ہم پر تنقید نہ کی جائے۔ کابینہ نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو فوج کی سکیورٹی فراہم کی، اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہو گی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی، ہمیں کسی سے کچھ جاننے کی ضرورت نہیں ، ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں، فائیو آئی اس وقت کہاں تھی جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں پریکٹس کررہی تھی ،جس ای میل کی بات ہورہی تھی وہ تو بعد میں آئی، ہم سے جو سلوک کیا جا رہا ہے اس کے مستحق نہیں۔