حضور پاک کی شخصیت ہی ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے، مصطفائی تحریک پاکستان

لاہور (آئی این پی ) مصطفائی تحریک پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تنظیموں کی نمو وپرداخت تقاضہ کرتی ہے۔ کہ جذبِ دروں کے ساتھ ساتھ اسے فکر نو سے بھی نوازا جائے،یقین کی پختگی اور اخلاصِ عمل آکسیجن کا کام کرتی ہے، حضور پاک کی شخصیت ہی ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفائی تحریک کے درویش صفت قائد غلام مرتضٰی سعیدی کی زیر صدارت صاحبِ کشف المحجوب کی نگری میں مصطفائیوں کا عزم نو تربیتی کنونشن منعقد ہوا۔

علم و شعورکی سوغات بانٹنے والی اہلسنت کی عظیم درسگاہ جامعہ نعیمیہ میں جب رہبر مصطفائی تحریک ڈاکٹر ظفر اقبال نوری تشریف لائے تو شرکاء محفل کے جذبات دیدنی تھے۔ سیدی مرشدی یا نبی یا نبی کی صدائیں وجد آور تھیں۔ اس موقع پر قائد طلباء محمد اعظم رانجھا صاحب مرکزی صدر انجمن طلباء اسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان انجمن سے حضور کے نام مبارک کے علاوہ کسی اورکانام نہیں لیا جاتا۔ حضور پاک کی شخصیت ہی ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے۔اور اس سال 1000 یونٹس کا قیام انجمن طلباء اسلام کا ٹارگٹ ہے۔ اس موقع پر امانت علی زیب مرکزی صدر پاکستان فلاح پارٹی نے کہا کہ سیدی مرشدی کے نعرے لگاتے ہوئے تعلیمی اداروں سے فارغ ہوئے تو عملی زندگی کی حقیقتوں کا ادراک ہوا تو فیصلہ کیا۔ کہ نظام مصطفٰی کے نفاذ کے لیے سیاسی جدوجہد کریں گے۔ حمزہ مصطفائی صاحب نائب امیر جماعت اہلسنت پاکستان نے پیر سید ریاض حسین شاہ مدظلہ عالی کا مصطفائی احباب کے لیے پیغام پڑھ کر سنایا۔ اور ڈاکٹر ظفر اقبال نوری کی انجمن طلباء اسلام اور مصطفائی تحریک کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفراقبال نوری نے رفقاء کرام کو تاکید کرتے ہوئے ایک رفیق ایک یونٹ کا پیغام دیااور فرمایاکہ یہ سیدی یا رسول اللہ کے اس نام مبارک کا کمال ہے۔جو ہمارے سینوں پر لگا ہوا ہے۔ کیونکہ مصطفائی معاشرہ قرآنی معاشرہ ہے،مصطفائی معاشرہ ایمانی معاشرہ ہے،مصطفائی معاشرہ روحانی معاشرہ ہے۔آج جو دھڑکتے سینے یہاں ا کٹھے ہوئے ہیں۔ اس مادیت پرست دور میں اسے غنیمت جانیے۔ نقابت کے فرائض میاں شہزاد احمد مرکزی خازن نیبہ احسن سرانجام دیئے، اصغر علی ورک، ذوالفقار حیدر سیالوی صدر پنجاب شمالی ، ارشد تبسم صدر پنجاب جنوبی، مظہر سلیم حجازی ، مولانا محمد صادق سیالوی صرر ٹوبہ خطاب کرنے والوں میں نمایاں رہے۔