اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کیخلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی، پی ٹی اے (کل) فیصلہ کرے گا

اسلام آباد(آئی این پی ) ہائی کورٹ نے پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی، پی ٹی اے (کل) بدھ کو درخواست گزار کو سن کے فیصلہ کرے گا۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پب جی گیم معطلی کے خلاف شہری عبدالحسیب ناصر کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار کرتے ہوئے کہا یہ کیا ہے گیم ہے یا ویب سائٹ؟ جس پر وکیل پی ٹی اے نے کہا یہ لنک ہے جس کو پی ٹی اے نے عارضی معطل کیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا اس میں کیا ایسا ہے جس کی وجہ سے آپ نے معطل کیا؟۔ وکیل پی ٹی اے نے کہا لاہور پولیس نے پب جی گیم کے خلاف ایک لیٹر لکھا جس میں خودکشیوں کا ذکر کیا گیا ہے اس کے علاوہ والدین کی جانب سے بھی ہمیں گیم بلاک کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا پی ٹی اے نے جو کچھ کرنا ہے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔ پی ٹی اے قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست پر تحریری فیصلہ کرے جب کہ پی ٹی اے درخواست منظور یا مسترد کرتے ہوئے متعلقہ قانون کا ذکرکرے۔ عدالت نے معاملہ پی ٹی اے کو بھجوا تے ہوئے درخواست نمٹادی۔ پی ٹی اے (کل) بدھ کو درخواست گزار کو سن کے فیصلہ کرے گا۔