الیکشن کمیشن کا وزیراعظم کو شوکاز نوٹس تعجب سے کم نہیں،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ترقی کے لیے کرپشن فری ملک اورسوسائٹی ضروری ہے، الیکشن کمیشن کا وزیراعظم کو شوکاز نوٹس تعجب سے کم نہیں،الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بے ضابطگیوں پر کیوں خاموش ہے اور نوٹس نہیں لے رہا؟ ، پاکستان کا وجود کرپشن زدہ ہونے کی وجہ سے خطرے میں ہے،منی لانڈرنگ کی وجہ سے قومی سلامتی دا وپر لگی،10 سال حکومت میں رہ کر24 ارب کے قرضے لیے گئے، ملک میں ہر پیدا ہونے والابچہ 50 ہزارکا مقروض چھوڑ کر گئے، عوام حقیقت سے آگاہ ہیں۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے سابق رکن اور ایم این اے علی محمد مہر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو جاری کردہ شوکاز نوٹس کسی تعجب سے کم نہیں؟، وزیراعظم نے وہاں میڈیا سے کوئی گفتگو کی نہ ہی روایتی سیاستدانوں کی طرح ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے الیکشن سے قبل دھاندلیوں میں ملوث ہے، سندھ حکومت کے وزرا کی انتخابی مہم کے لیے باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، اس کے علاوہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی طرف سے سیکڑوں کی تعداد میں نوکریاں، پیکیج اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کیے گئے ہیں۔