بارش نے پاکستان کو ڈو بنے سے بچا لیا

سڈنی(آئی این پی) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ بارش نے پاکستان کو یقینی شکست سے بچا لیا۔ بارش کے باعث میچ کو مقررہ 15اوورز تک محدود کر دیا گیا ، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 107رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 119رنز کا ہدف ملا۔بابراعظم 38گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔جواب میں آسٹریلیا نے 3.1اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41رنزبنائے لیکن بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور کافی دیر تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کر دیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی (کل)منگل کو کھیلا جائے گا