دورہ آسٹریلیا نوجوان کرکٹرزکیلئے صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع ہے،وقاریونس

سڈنی(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا نوجوان کرکٹرزکیلئے صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع ہے، نوعمر محمد موسی ہمارا سرپرائز پیکج ثابت ہوسکتے ہیں، شاداب خان کچھ عرصے سے آئوٹ آف فارم ہیں، عثمان قادر کی صورت میں مزید نوجوان لیگ اسپنرز پر محنت کررہے ہیں تاکہ ورلڈکپ سے قبل شاداب خان کے بیک اپ کے طور پر بولرز تیار ہوجائیں، آسٹریلیاکی ٹیم کافی مضبوط ہے، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے دورہ آسٹریلیاایک اچھاموقع ہے،امیدہے نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی کرکٹ دیکھنے کوملے گی، آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ ہی ایشیائی ٹیموں کے لیے مشکل ثابت ہوتی ہیں۔سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ ہی ایشیائی ٹیموں کے لیے مشکل ثابت ہوتی ہیں لیکن اس کے ساتھ یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع بھی ہے، پاکستان کی پیس بیٹری میں نوجوان مگر پرجوش بولرز شامل ہیں، اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، یہاں کی پچز اور کنڈیشنز مختلف ہیں، ان سے مطابقت پیدا کرتے ہوئے مطلوبہ نتائج حاصل کریں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی قوم اور شائقین نوعمر محمد موسی کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں، امید ہے کہ وہ یہاں اپنی افادیت ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، وہ ہمارا سرپرائز پیکج ثابت ہوسکتے ہیں، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔