سری لنکن بورڈ کا دورہ پاکستان سے انکار کرنیوالے کھلاڑیوں کیخلاف ایکشن

کولمبو(آئی این پی ) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لے لیا، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے انکار کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ڈیوٹی سے انکار کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف وزری ہے، کھلاڑیوں کو این او سی نہیں دیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز میں کریبین پریمیئر لیگ(سی پی ایل)کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیم کیلئے منتخب کھلاڑی کو ٹور سے انکار پر این او سی جاری نہ کرنا بورڈ کی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹور کے دوران لیگر میچز کیلئے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کئے جاتے، ڈک ویلا اور تھیسارا پریرا نیشنل ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسٹر دھماکوں کے فوری بعد اپنی ٹیم سری لنکا بھیجی، ہمیں بھی اپنے ہمسائے بورڈز کا خیال رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چند کھلاڑیوں کا دورہ نہ کرنا سمجھ میں آتا ہے،موجودہ کھلاڑی لکمل 2009 میں پاکستان کا دورہ کرنیوالی ٹیم میں شامل تھے، ہم کسی کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے، مگر ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے