وزیراعظم لوگوں کو مانگ کر نہیں کما کر کھانا سکھائیں’ رابی پیرزادہ

کراچی (آئی این پی) پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت لنگراسکیم پرتنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ لوگوں کو مانگ کر نہیں کما کر کھانا سکھائیں۔ حال ہی میں رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت سیلانی لنگر اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب بہت اچھا کام ہے بھوکے کو روٹی کھلانا۔ لیکن اگر لنگر پر مفت روٹیاں توڑنے کے بجائے آپ اسی لنگر پر لوگوں کو نوکری دیتے تو لوگ محنت کرکے کھانا سیکھتے۔ رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وزیراعظم صاحب آپ سمجھنے کی کوشش کریں، عوام بھکاری نہیں ہے، وہ کام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں بہت بے روزگاری ہے۔ رابی پیرزادہ کے اس ٹوئٹ کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بے روزگاری کا مستقل حل لنگر تقسیم کرنا نہیں بلکہ روزگار کی فراہمی ہے۔