کینیا، سیلاب کے باعث 48 افراد جاں بحق، 1لاکھ44ہزار متاثر،17 ہزار افراد بے گھر

نیروبی ( آئی این پی/ شِنہوا) کینیا میں سیلاب کے باعث 48 افراد جاں بحق جبکہ 1لاکھ44ہزار متاثر ہوئے ہیں ، سیلاب کی وجہ سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے ،اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث ملک میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ،کینیا کی25کائونٹیز میں مٹی کے تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے ، کینیاکی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ 17 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں اور 48 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، بارشوں کے باعث کینیا کے شمالی علاقوں میں آباد 2 لاکھ سے زائد مہاجرین بھی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں ،بارشوں کی وجہ سے خوراک کی اشیاء اور تیل کی مصنوعات کی کمی کے باعث قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے ، شدید بارشیں طویل عرصے سے جاری خشک سالی کے بعد ہوئی ہیں جس کے باعث کینیا میں3.1 ملین افراد غذائی کمی کا شکار ہوئے ،کھیتوں کی تباہی کے باعث ملک میں غذائی سیکیورٹی کے مزید مسائل پیدا ہونگے ۔