سابق وزیراعظم نواز شریف کا پروٹوکول یا سیکیورٹی؟احتساب عدالت سے سزا پانے والے پہلے مجرم جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچنے کا اعزاز ملے گا

اسلام آباد(آئی این پی ) چیئرمین نیب نے نیب لاہور کو نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کے ڈائریکٹر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو خط لکھا تھا جس میں نوازشریف اور مریم نواز کی اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور کے خط کا مثبت جواب د یتے ہوئے نوازشریف، مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ سے اسلام آباد منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا ہے۔واضح رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جس کیبعد نیب نے گزشتہ روز کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے (کل)13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جب کہ نیب نے انہیں لاہور سے ہی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔