وقار یونس نے عاقب جاوید کے یارکر کا جواب بائونسر سے دیدیا

لاہور(آئی این پی) بولنگ کوچ وقار یونس نے عاقب جاوید کے یارکر کا جواب باونسر سے دیدیا۔سری لنکا سے ٹوئنٹی 20سیریز میں وائٹ واش کے بعد سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ٹیم مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ مصباح کی جیسی شخصیت اور مائنڈ سیٹ ہے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں لانے کا فیصلہ ان کا ہوسکتا ہے، مصباح اور وقار یونس خود ان دونوں کے خلاف خط لکھتے رہے ہیں، مجھے یقین ہی نہیں کہ انھیں واپس لانے کا فیصلہ ان کا ہوسکتا ہے۔گزشتہ روز فیصل آباد میں جب بولنگ کوچ وقار یونس سے عاقب جاوید کے ان کمنٹس کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سنا کہ عاقب جاوید نے ٹیم مینجمنٹ اور مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے تو کافی حیرت ہوئی، میرے خیال میں وہ گذشتہ 5برس سے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ہیں اور ان کی ٹیم ایک بار بھی پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے ہی کوالیفائی نہیں کرپائی، ان کو تو اعتراض کرنے کا کوئی حق ہی نہیں ہے۔