سرفراز احمد کپتانی سے برطرف

لاہور(آئی این پی) پی سی بی نے سرفراز احمد کوکپتانی سے برطرف کر دیا جب کہ ان کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت بابراعظم کو سونپ دی گئی ہے۔ اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 2019-20جبکہ بابر اعظم کو آئندہ برس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک کپتان مقرر کیا گیا ہے،قومی ٹیم کے نائب کپتان کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائیگا۔دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان21اکتوبر کو کیا جائیگا،سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائے گا تاہم ٹیسٹ میں ان کے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے۔ اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن2019-20کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، میں اظہرعلی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں، اس سفر میں ساتھ دینے پر میں اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔