حکومت کسی کے کہنے پر نہیں گرے گی،وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کسی مدرسے کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی جائے گی،مدارس کا نصاب تبدیل نہیں کیا جا رہا بلکہ انہیں اعلی تعلیم دینے کی کوشش کر رہے ہیں،نہ مدرسوں کو چھیڑ رہے ہیں نہ نصاب کو تبدیل کر رہے ہیں،اسلام آباد میں دفعہ 144 ہے،میں سمجھتا ہوں مولا نا 27 اکتوبر کونہیں آئیں گے،عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جنھوں نے ریاست مدینہ کی بات کی۔منگل کو وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سیکٹر ایف سکس میں پولیس سہولیاتی مرکز کا افتتاح کیا۔۔اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سہولیاتی مرکز میں قائم سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خصوصی کاوئنٹرکا افتتاح کیا۔ آئی جی اسلام آباد محمدعامر ذو الفقار نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی نے گیارہ ماہ کے قلیل عرصہ میں سہولیاتی مرکز کی عمارت کی تعمیر مکمل کی۔