چینی فوجی قیادت کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں گفتگو

بیجنگ (آئی این پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کر ے ،کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنا ئے،چینی فوجی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی سوچ امن کے مفاد میں ہے ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلزلبریشن آرمی ہیڈکوارٹرزکادورہ کیا جہا ں پر انہوں نے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ہان ویگو کمانڈرپی ایل اے جنرل ژو قلینگ سے ملاقات کی۔ جس میں علاقائی سلامتی ،مقبوضہ جموں وکشمیر اور پاک چین دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے چینی فوجی قیادت کو مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنا ئے ، بھارت کو کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کر نا چاہیے ۔ اس موقع پر چینی فوجی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے امن کے مفاد میں پاکستانی طرز عمل کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خطے میں امن اور استحکام کے لئے سنگین مضمرات ہوں گے۔ آرمی چیف نے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اس سے قوم کے اصولوں یا وقارپر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فریقین نے خلیج کی ترقی پذیر صورتحال اور افغانستان میں امن کے لئے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں پی ایل اے ہیڈکوارٹر آمد پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔