چین نے شدید آندھی، وسیع خطے میں بارش بارے زرد انتباہ جاری کردیا

فائل فوٹو، چین کے وسطی صوبہ ہونان کے شہر یانگ ژو کی خوداختیار کاؤنٹی جیانگ یاؤ کے قصبے تواؤجیانگ میں امدادی کارکن سیلاب میں پھنسے افراد کو نکال رہے ہیں۔ (شِنہوا)

بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے اتوار کے روز ملک کے کئی حصوں میں آندھی اور بارش سمیت شدید موسمی خطرے بارے زرد انتباہ کی تجدید کردی ہے۔

موسمیاتی مرکز کے مطابق اتوار کی دوپہر 2 بجے سے پیر کی دوپہر 2 بجے تک لیاؤننگ، شنشی ، ہیبے، بیجنگ، تیان جن ، شان ڈونگ ، ہینان ، انہوئی، جیانگ سو، ہوبے، چھونگ چھنگ، گوئی ژو اور سیچھوان کے کچھ علاقوں میں گرج چمک، تیزہوا اور ژالہ باری متوقع ہے۔

اس عرصے میں اندرون منگولیا ، جیلن ، لیاؤننگ، شانشی، ہیبے، بیجنگ، تیان جن ، شان ڈونگ، ہینان ، انہوئی، جیانگ سو ، ہوبے، ژےجیانگ ، فوجیان، چھونگ چھنگ، گوئی ژو، یون نان ، گوانگ ڈونگ، ہائی نان ، اور سیچھوان کے طاس میں تیز بارش کے چھوٹے اسپیل ہوسکتے ہیں۔

پیش گوئی کے مطابق ان علاقوں کے کچھ حصوں میں فی گھنٹہ 80 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔

مرکز نے مقامی حکام سے کہا ہے کہ وہ طوفانی بارش ، آندھی اور ژالہ باری کے لئے تیار رہیں اور سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے بارے ہوشیار رہیں۔

ڈرائیوروں کو متنبہ کردیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں پر ٹریفک کی رہنمائی کریں۔

مرکز نے خطرناک علاقوں میں بیرونی کام روکنے کی ہدایت بھی کی ہے، ہوائی اڈوں، ریلویز، ایکسپریس وے اور پانی کی نقل و حمل کے یونٹس پر زور دیا ہے کہ وہ اہلکاروں اور ٹریفک کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے پروازوں کی پابندیوں، رفتار کی حد یا عارضی بندش جیسے حفاظتی اقدامات کریں۔

چین میں موسم کے انتباہ بارے 4 درجے ہیں جنہیں مختلف رنگوں سے واضح کیا جاتا ہے۔ اس میں سرخ رنگ انتہائی شدید انتباہ کا ہوتا ہے جس کے بعد نارنجی ، زرد اور نیلا رنگ آتا ہے۔